عیدالاضحی کل مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی‘ مہمند ایجنسی میں آج ہوگی

Sep 12, 2016

لاہور/ کراچی (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں عیدالاضحی کل 10 ذوالحج (بروز منگل) مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی جبکہ مہمند ایجنسی میں آج پیر کو سعودی عرب کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں نمازعید کے ہزاروں اجتماعات ہوں گے جس کے بعد لاکھوں فرزندان اسلام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے جبکہ پاکستان میں بوہری برادری نے اتوار کے روز ہی عیدالاضحی منا لی۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عید الاضحی کا تہوار کل 10ذو الحج (بروزمنگل) کو مذہبی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد اور کھلے مقامات پر نماز عید کے ہزاروںاجتماعات ہوں گے جس میں علماء کرام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالیں گے ۔ نماز کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی، سلامتی اور دہشتگردی سے نجات کے لئے خصوصی دعائیںمانگی جائیں گی۔ بعد ازاں لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان میں بوہری برادری نے اتوار کو ہی عیدالاضحی منالی۔ کراچی میں نماز عید کا مرکزی اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا۔ صدر میں واقع طاہری مسجد میں عید کے اجتماع میں بوہری جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کراچی کی دیگر مساجد میں بھی بوہری برادری کی جانب سے نمازعید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ علاوہ ازیں عیدالاضحی کے موقع پر دہشت گر دی کے خدشات کے پیش نظر حساس اداروں نے اہم شخصیات، ان کی رہائش گاہوں سمیت تمام ہوائی اڈوں ، اہم تنصیبات، عمارتوں اور مساجدو امام بارگاہوںپر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے چاروں صوبائی حکومتوں کو ایک مراسلے کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے۔ تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ،مشکوک گاڑیوں کی تلاشی جبکہ تمام راستوں پر بھی پولیس کی جانب سے اضافی چوکیاں اور دستے تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ عید کے موقع پر تمام اہم مساجد اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ادھر مہمند ایجنسی میں (آج) پیر کو سعودی عرب کے ساتھ عیدالاضحی منائی جا رہی ہے۔ نماز عید میں ملک کے امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ نماز عید کے وقت نماز کے تعین کیلئے مختلف تحصیلوں کے مساجد میں اعلانات کر دیئے گئے۔

مزیدخبریں