لاہور:قائداعظم کا 68 واں یوم وفات عقیدت و احترام سے منایا گیا‘ ملک بھر میں تقریبات

Sep 12, 2016

لاہور/ اسلام آباد/کراچی (خبرنگار/ اے این این) بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 68 واں یوم وفات اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ بابائے قوم کے یوم وفات کے سلسلے میں مختلف تنظیموں کی طرف سے ملک بھر میں سیمینار اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملکی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ مزار قائد پر دن بھر فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی محافل کا انعقادکیا گیا۔ مزار پر حاضری کیلئے آنے والے شہریوں کا تانتا بندھا رہا۔ گورنر سندھ عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس کے علاوہ سندھ رینجرز کے ڈپٹی ڈی جی بریگیڈیئر اظہر سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی مزار قائد پرحاضری دی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء نثار کھوڑو، سکندر میندھرو، منظور وسان اور مولابخش چانڈیو بھی موجود تھے۔ تینوں مسلح افواج کی جانب سے بھی مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے سخت جدوجہد سے مسلمانوں کے لئے پاکستان جیسا ملک حاصل کیا۔ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ انکے اصولوں پر عمل کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قائد اعظم نے ہمیں کام کام اور کام کا درس دیا ہے ہمیں اسے فالو کرنا چاہئے۔

مزیدخبریں