القاعدہ، داعش ہمیں شکست دینے کے قابل نہیں: اوباما، ہلیری کی طبیعت ناساز

واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی صدر اوباما نے کہا ہے کہ القاعدہ اور داعش تنظیمیں جانتی ہیں کہ وہ مضبوط امریکی قوم کو کبھی بھی شکست دینے کے قابل نہیں ہوں گی، امریکی قوم دہشت گردوں کو ملک کو تقسیم نہ کرنے دے۔ وہ گزشتہ روز پنٹاگون میں نائن الیون کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا قوم کبھی بھی نائن الیون حملوں میں مرنے والوں کو نہیں بھولے گی۔ ادھر نیویارک میں نائن الیون حملوں کے حوالے سے گرائونڈ زیرو پر تقریب کے دوران شرکاء نے کچھ دیر کیلئے خاموشی اختیار کی۔ ہلیری کلنٹن اور ٹرمپ نے بھی عارضی طور پر اپنی صدارتی مہم معطل کرتے ہوئے دعائیہ سروس میں شرکت کی۔ پینٹاگون میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ دریں اثناء نائن الیون حملے میں ملوث مشتبہ پائلٹ محمد عطا کی والدہ بوزینہ محمد مصطفی شرقی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ان کا بیٹا زندہ اور گوانتاناموبے جیل میں قید ہے۔ 74سالہ بوزینہ نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے بیٹے کو دیکھنا چاہتی ہیں۔ بوزینہ اس وقت قاہرہ میں اپنی بیٹیوں کے ساتھ رہ رہی ہیں۔ امریکہ سچ چھپا رہا ہے۔ اسلام کو بدنام کرنے کیلئے امریکہ نے خود نائن الیون حملے کرائے، امریکی حکام نے عرب مسلمانوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کیلئے انہیں منتخب کیا۔ خاندان نے دعویٰ کیا ہے کہ عطا محمد کا حملوں سے کوئی تعلق نہیں۔ نائن الیون کے اگلے روز عطا محمد نے فون کیا تھا۔امریکہ میں عہدہ صدارت کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہی ہیں۔ اس سے قبل نائن الیون کی تقریبات سے جلد چلے جانے کے بعد ان کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کیے گئے تھے۔ ان کی انتخابی مہم کے اہلکاروں کے مطابق ناسازیِ طبع کے باعث جلد اٹھ گئیں اور وہاں سے اپنی بیٹی کے گھر چلی گئیں تھیں۔

ای پیپر دی نیشن