اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے خصوصی نمائندے اویس لغاری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستانی عوام کی گہری تشویش ہے، اقوام متحدہ تشدد کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کرے ، پر امن مظاہرین پر بہیمانہ تشدد کی تحقیقات کرائی جائیں۔ اتوار کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران اویس لغاری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستانی عوام کی گہری تشویش ہے۔ دونوں رہنمائوں کے مابین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برہان مظفر وانی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے شفاف تحقیقات کی جائیں ۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین فوری ختم کئے جائیں اور بھارتی فورسز فوری نکالی جائیں۔
اویس لغاری کی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تشدد روکنے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ
Sep 12, 2016