ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کی حالت بہتر ہے ان کو 4 سے 5 روز ہسپتال میں رکھا جائے گا۔ ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال کے مطابق فاروق ستار کے سی ٹی سکین اور بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی ہیں، ان کا سی ٹی سکین کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ انہیں آرام کی شدید ضرورت ہے۔ ہسپتال ترجمان کے مطابق 12 رکنی میڈیکل ٹیم نے ڈاکٹر فاروق ستار کا معائنہ کیاہے۔ ٹیم میں آرتھو، نیورو، چیسٹ، ہارٹ اور میڈیسن کے ماہرین شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار کو کوئی بڑی چوٹ نہیں آئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کو ایگزیکٹو وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ ہسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو آرام کی شدید ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر کی طبیعت بھی بہتر ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کوگزشتہ شب حیدر آباد سے کراچی آتے ہوئے نوری آباد کے مقام پرحادثہ پیش آیا۔ فاروق ستار سمیت 3 سکیورٹی گارڈز زخمی ہو گئے تھے۔ فاروق ستار کو کمر اور کندھے پر چوٹیں آئی ہیں۔ سکیورٹی سے متعلق ڈی ایس پی ناصر لودھی نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو ضرورت کے مطابق مناسب سکیورٹی دی جارہی ہے۔