O … ایران افغانستان عراق کیلئے فارسی چینل کا اجراO مفتی اعظم کی صحت کیلئے خصوصی دعا
مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) خانہ کعبہ کا غلاف (کسویٰ) تبدیل کر دیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب 9 ذوالحجہ کو عازمین حج کے عرفات پہنچنے پر ہوئی۔ غلاف کعبہ کی روح پرور تقریب میں گورنر مکہ مکرمہ سمیت اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ سونے چاندی اور خالص ریشم سے بنے غلاف کعبہ کی لاگت 2 کروڑ ریال ہے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کا کام نماز فجر کے بعد شروع ہوا۔ نیا غلاف 670کلو گرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔ غلاف کی تیاری میں 150 خالص سونا اور چاندی استعمال کی گئی۔ اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔ غلاف کعبہ کا سائز 658 مربع میٹر ہے یہ 47حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر حصہ 14میٹر طویل اور 95 سینٹی میٹر چوڑا ہوتا ہے۔ زمین سے تین میٹر کی بلندی پر نصب کعبہ کے دروازے کی لمبائی چھ میٹر اور چوڑائی تین میٹر ہے۔ غلاف کعبہ چاروں دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیا جاتا ہے۔ بیت اللہ پر سب سے پہلے حضرت اسماعیل علیہ السلام نے غلاف چڑھایا تھا۔ اتارے جانے والے غلاف کے ٹکڑے بیرونی ملکوں سے آئے ہوئے سربراہاں مملکت اور دوسرے معززین کو بطور تحفہ پیش کئے جاتے ہیں۔ اس سال غلاف کعبہ میں’’ اللہ اکبر‘‘ کی چار قندیلوں کا اضافہ کیا گیا ہے، کسویٰ مجموعی طور پر 47 حصوں پر مشتمل ہے، ہر حصہ 14میٹر طویل اور 95سینی میٹر چوڑا ہے۔ سعودی عرب میں حجاج کرام کی نقل وحرکت انکو مقدس مقامات تک لے جانے کے لئے پہلی بار ‘‘مشاعر ٹرین’’ سروس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ ریلوے لائن مکہ معظمہ کو مقدس مقامات مزدلفہ، منیٰ اور عرفات کے نو سٹیشنوں سے باہم مربوط کر رہی ہے۔ اس سروس سے حجاج کی بروقت مقدس مقامات تک رسائی اور مناسک کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔‘‘ امام کعبہ نے مفتی اعظم شیخ عبداللہ بن عبدالعزیز آل الشیخ کی صحت کے لئے خصصوی دعا کرائی۔ سعودی عرب نے حج کے موقع پر فارسی زبان میں ایک سیٹلائٹ ٹی وی چینل کا اجرا کیا ہے جسے ایران سمیت افغانستان‘ عراق اور خلیجی ممالک میں دیکھا جا سکتا ہے۔ سعودی وزیر برائے ثقافت و ٹیکنالوجی عادل الطریفی نے سعودی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس چینل کی نشریات ایران‘ افغانستان اور عراق میں ریڈیو پر بھی پیش کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں موبائل فون ایپلیکشنز کے ذریعے انٹرنیٹ پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ چینل کا مقصد حج کا پیغام‘ اسلام کے ابدی معنی اور ریاست کی جانب سے زائرین اور آنے والوں کو جو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اسے نشر کرنا ہے۔ ضعیف اور بزرگ حجاج کرام رات کو ہی عرفات میں پہنچنا شروع ہو گئے۔ فجر کی نماز کے ساتھ ہی حجاج کرام کا یکدم میدان عرفات کی طرف پڑائو بڑھ گیا۔ منیٰ سے عرفات کی طرف پیدل جانے والے راستوں میں تاحد نظر سفید چادریں نظرآ رہی تھیں۔ کثیر تعداد حجاج کرام نے دھوپ سے بچنے کے لئے چھتریاں اٹھائی ہوئی تھیں۔ جگہ جگہ خادم الحرمین شریفین اور کئی دیگر رفاہی اداروں کی طرف سے حجاج کرام میں غذائی اشیا جن میں جوس‘ پانی‘ کیک‘ بسکٹ‘ مسواک اور فروٹ وغیرہ شامل ہیں‘ تقسیم کی گئیں۔ جگہ جگہ رضاکار حجاج کرام کی رہنمائی کے لئے موجود ہیں‘ ہر جگہ سکیورٹی اہلکار الرٹ تھے۔ کئی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی تھی۔ مسجد غزہ میں مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز‘ شہزادہ گورنر مکہ مکرمہ خالد الفیصل اور دیگر امرا موجود تھے۔ عرفات کا درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ تھا۔ گرمی کی شدت کم کرنے کے لئے میدان عرفات میں مصنوعی فوارے مسلسل چلتے رہے۔
O … غلاف کعبہ تبدیل‘ اس بار اللہ اکبر کی 4 قندیلوں کا اضافہ O … حجاج کیلئے مشاعر ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز
Sep 12, 2016