قصور+ الٰہ آباد/ ٹھینگ موڑ( نمائندہ نوائے وقت)الہٰ آباد کے نواحی گاﺅں پنڈی جٹاں میں بیوی سے جھگڑکر تین بچوں سمیت خود کو آگ لگالی،تینوں بچے جاں بحق ،باپ شدید زخمی ،تفصیلات کے مطابق پنڈی جٹاں کے علی محمد ولد نورمحمد قوم میو کا ایک روز قبل اپنی بیوی سے جھگڑا ہوگیا تو علی محمد کی بیوی ناراض ہوکر میکے چلی گئی ۔گزشتہ روز علی محمد نے گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہوکر گھر میں ہی اپنے تین بچوں سمیت خودکو آگ لگالی جس کے نتیجہ میں تینوں معصوم بچے اڑھائی سالہ حلیماں بی بی ،محمد عبداللہ بعمر ایک سال اور 6دن کی معصوم بچی جس کا ابھی تک نام بھی نہیں رکھا گیا تھا جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ علی محمد کو شدید زخمی حالت میں لاہور جناح ہسپتال ریفر کردیا گیا ۔ علی محمد کا والد نورمحمد ،والدہ اکبری بی بی اور علی رضا ریسکیو کرتے ہوئے بھی جھلس گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تھانہ الہٰ آباد پولیس مصروف کارروائی ہے۔
زندہ جل گئے
قصور (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ بستی صابری میں سفاک خاوند نے اپنی بیوی کو تین بیٹیوں سمیت تیز دھاری آلہ سے ذبح کرکے قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی‘ مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بستی صابری کے محمد حنیف جو کہ ایک سرکاری سکول میں مالی کی ملازمت کرتا ہے جس کی تین بیٹیاں اور تین بیٹے ہیں ملزم حنیف نے گزشتہ رات اپنی 45 سالہ بیوی شاہدہ بی بی اور تین بیٹیوں 16 سالہ طیبہ، 14 سالہ لائبہ اور 8 سالہ ثمرہ کو ٹوکوں کے وار کر کے ذبح کر کے بیدردی سے قتل کردیا۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر تھانہ بی ڈویژن پولیس موقع پر پہنچی۔ ملزم کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ وقوعہ کی اطلاع پاکر ڈی پی اوقصور اسماعیل کھاڑک نے بھی کرائم سین کا وزٹ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی تمام شواہد کو تفصیل کیساتھ اکٹھے کر کے ملزم کو قرا ر واقعی سزا دلوائی جائے تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفیتش انکشاف کیا کہ اس نے بدکرداری کے شبہ پر اپنی بیوی کو قتل کیا اور بعد میں بیٹیوں کو بھی قتل کیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ پوسٹمارٹم کیلئے نعشوں کو پوسٹمارٹم کے بعد نعشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
بیوی، بچیاں/ قتل