وعدہ ہے حلقے کیلئے ملنے والے فنڈز حلق سے نیچے نہیں اتاروں گا: یعقوب شیخ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نے رائے دہندگان کو ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا تھا۔ پاکستان کی وفا میں ووٹ دینے والوں کو ہندوستان کی دوستی سے نتھی کیا گیا۔ اہل علاقہ کو ووٹ کے جواب میں ابلتے گٹر اور آلودہ پانی دیا گیا، اس سے بڑی ووٹ کی تذلیل اور کیا ہوگی؟ عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ حلقے کیلئے ملنے والا فنڈ حلق سے نیچے نہیں اتاروں گا۔ 17 ستمبر کو انرجی سیور آپکے ووٹ سے جگمگائے گا، حکومت حلقے کی ووٹرز لسٹ میں ردوبدل سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاردار پارک راج گڑھ اور ابدالی چوک میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسوں میں سیاسی، مذہبی و سماجی رہنمائوں کے علاوہ معززین علاقہ اور اہل نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کا جذبہ دیدنی تھا۔ کاردار پارک راج گڑھ میں امیدوار محمد یعقوب شیخ کی آمد پر انکا بھرپور استقبال کیا گیا اور آتش بازی کی گئی۔ جلسہ گاہ میں مقامی خواتین کی بھی بڑی تعداد موجو دتھی جن کیلئے پردہ کا الگ سے انتظام کیا گیا تھا۔ انتخابی جلسوں سے سیف اللہ خالد، مزمل اقبال ہاشمی، فیاض احمد، متحدہ جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما شیخ نعیم بادشاہ، سماجی رہنما سابق یوسی ناظم 64 حافظ شفیق الرحمن، شہزاد خان کاکڑ ایڈووکیٹ، ریاض احمد احسان، محمد اشرف گجر، نصیر بٹ، عمر فاروق بٹ اور معین سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور محمد یعقوب شیخ کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔اس موقع پر حافظ فیصل، محمد اکرم، محمد فیاض و دیگر بھی موجود تھے۔ یعقوب شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے میں منہ دکھانے کے قابل نہ رہنے والے ہیلی کاپٹر کا استعمال کر رہے ہیں۔ جتنی رقم ہیلی کاپٹر سے ہینڈ بل پھینکنے پر لگائی جا رہی ہے اگر یہ رقم حلقے میں لگائی جاتی تو عوام کا بھلا ہوتا۔ سیف اللہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا جھگڑا کسی محب وطن سے نہیں ہے۔ پورے ملک میں خدمت انسانیت کے جذبے کے تحت عوام کی خدمت کریں گے۔ آج 12 ستمبر کو قصور پورہ، بتی چوک سے لکشمی چوک تک موٹر سائیکل ریلی اور 14 ستمبر کو استنبول چوک، مال روڈ پر تاریخ ساز جلسہ منعقد کیا جائیگا۔ سماجی رہنما حافظ شفیق الرحمن نے کہا کہ سابق وزیراعظم 32 سال سے اس حلقے سے منتخب ہوتے رہے لیکن ایک بھی ہسپتال ایسا قائم نہیں کیا جہاں بیگم کلثوم نواز کا علاج ہوسکے۔ شہزاد خان کاکڑ ایڈووکیٹ ریاض احمد احسان اور محمد اشرف گجر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...