لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے قائداعظم کا مضبوط ہتھیار مکالمہ تھاآج جس کی جگہ بے جا مقابلہ اور عدم برداشت نے لے لی، بانی پاکستان نے مکالمہ کی بنیاد پر غاصب انگریز اور غالب ہندو سے آزادی حاصل کی اور پاکستان بنایا، سربراہ عوامی تحریک نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے 69 ویں یوم وفات پر عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان کے خطابات پاکستان کی نظریاتی اساس، امن اور خوشحالی کا روڈ میپ ہیں، ان کی فکر رواداری اوربرداشت پر مبنی تھی، بانی پاکستان اپنے نظریات، خیالات اور مقاصد میں کھلی کتاب کی طرح تھے اور وہ انسانی آزادی، معیشت، معاشرت کے حوالے سے فیصلہ سازی کے مرحلہ پر قرآن و سنت سے رہنمائی لیتے تھے، بلاشبہ قرآن و سنت کی تعلیمات اور احکامات بنی نوع انسانیت کیلئے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ بانی پاکستان نے ایک موقع پر کہا کہ قرآن مجید کے احکامات ہی سیاست و معاشرت میں ہماری آزادی اور پابندی کی حدود متعین کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جناح ؒکا پاکستان کہیں کھو گیا ہے۔ دریں اثناء عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں بانی پاکستان کے69 ویں یوم وفات پر خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی،تقریب میں سینئر مرکزی رہنمائوںخرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، سید مشرف حسین شاہ، علامہ فرحت حسین شاہ، ساجد بھٹی، جواد حامد، اشتیاق حنیف مغل و دیگر رہنمائوں اور کارکنان کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔