لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) دورہ ورلڈ الیون سے باقی ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی۔ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے بعد جنوبی افریقہ کو بھی دعوت دینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب پہلا قدم تھا، دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آنے کو تیار ہونگی ورلڈ الیون کا دورہ غیر معمولی ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی اور آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال ہو رہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل میں عسکری و سیاسی قیادت نے بہت تعاون کیا، یہ ایک کرکٹ سیریز نہیں بلکہ تاریخی موقع ہے۔ امید ہے جنوبی افریقہ کی ٹیم دورہ پاکستان کریگی۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ زمبابوے نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے کھولے اور وہ ایک پھر دورہ پاکستان کیلئے تیار ہے،ورلڈ الیون کی آمد کا سہرا اینڈی فلاور کو جاتا ہے۔ جائلز کلارک نے کہا پاکستانی ٹیم غیر معمولی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ٹیسٹ میں عالمی نمبر ایک بنا اور چیمپئنز ٹرافی جیتی، پاکستان کی حالیہ کارکردگی بہت شاندار رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا پی ایس فائنل لاہور میں کرانا پی سی بی کی کامیابی ہے، ورلڈ الیون کو لانے میں اینڈی فلاور کا بہت اہم کردار ہے۔ جائلز کلارک نے کہا یہ صرف کرکٹ نہیں بلکہ اس سے کہیں اوپر ہے، پاکستانیوں کا اتحاد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ جائلز کلارک نے مزید کہا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، امید ہے دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ سری لنکا بھی پاکستان آ رہی ہے، ویسٹ انڈیز ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کریگی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے طویل سفر طے کرنا پڑا۔ پی سی بی، رمیز راجا کی کوششوں سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہورہی ہے۔ جائلز کلارک نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام نے زبردست قدم اٹھایا ہے۔ پاکستان میں کرکٹ بحالی پر لوگ بہت خوش ہیں، اینڈی فلاور کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ان کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ پی ایس ایل فائنل لاہور میں نہ ہوتا تو موجودہ دورہ اتنا آسان نہ ہوتا۔آئی سی سی ڈائریکٹر نے کہا کہ ہم 2011سے پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے، ہماری نظریں اس سیریز پر ہیں، میں پاکستانی حکومت اور خاص طور پر سیکیورٹی اداروں کا شکر گزار ہوں ۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے پاکستانی عوام کو طویل سفر طے کرنا پڑا ہے۔
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی غیر معمولی واقعہ : نجم سیٹھی ، طویل سفر طے کرناپڑا : جائلز کلارک
Sep 12, 2017