گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ ہسپتال میں علاج کیلئے آنے والی خاتون کو خاکروب باتھ روم میں بند کرکے چلا گیا۔ خاتون کی مدد کیلئے چیخ و پکار۔ ایک گھنٹے بعد تالا کھول کر باہر نکالا گیا۔ بتایا گیا کہ چہل کلاں کا ساجد اپنی بیوی کو شدید درد کے باعث علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے لیبر روم میں لیکر آیا جہاں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے اسے پیشاب ٹیسٹ کروانے کا کہا جو وارڈ نمبر 9 کے باتھ روم میں پیشاب کرنے گئی تو اس دوران سوئپر اندر چیک کئے بغیر ہی باتھ روم کو باہر سے تالا لگا کر چلا گیا‘ تاہم خاتون نے دروازہ نہ کھلنے پر مدد کیلئے پکارنا شروع کر دیا۔ خاتون کی آواز سن کر شوہر سمیت دیگر افراد جمع ہو گئے۔ بعدازاں ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے اطلاع ملنے پر سوئپر نے وارڈ میں پہنچ کر تالا کھولا اور باتھ روم میں قید رہنے والی خاتون کو ایک گھنٹے بعد رہائی ملی۔