قائداعظم کے فرمودات پر من وعن عمل کیا جائے‘ نیئر بخاری

اسلام آباد (خبر نگار خصو صی)بابائے قوم قائدا عظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت نے آزاد ہونے والے پاکستان کو حقیقی جمہوری فلاحی مملکت بنانے کے لئے حقیقی سیاسی عوامی قیادت نے بلا تفریق ہرشہری کو مساویانہ بنیادوں پر حقوق کی فراہمی کی عملی اقدامات اُٹھائے۔ قائدا عظم محمد علی جناح کے نام کو سیاست کے لئے استعمال کرنے والوں نے بانیانِ پاکستان کے افکار کی نفی کی اور کررہے ہیں ۔قومی خزانے کو ہڑپ کرکے ذاتی تجوریاں بھرنے والے عوام کو منہ دیکھانے کے قابل نہیں۔ ریاستوں اداروں کو سیاسی مخالفین  کے خلاف استعمال کرنے سے نہ صرف ادارے کمزور ہوئے بلکہ اداروں پر سے عوام کا اعتماد بھی ختم کروایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار سا بق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں آنے والے پارٹی عہدیداران کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم عظیم رہنما تھے جن کی قیادت پر کروڑوں شہریوں کو بھرپور اعتماد اور یقین تھا ۔ آزاد مملکت خالق پاکستان کا آنے والی نسلوں کے لئے بے نظیر تخفہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ قائد کے فرمودات پر من و عن عمل کیا جائے ۔ نیئر بخاری نے مزید کہا کہ نااہل حکمرانوں کی بدعنوانیوں ،اداروں کی تقسیم اور ٹکرائو کی وجہ سے اقوام عالم میں اہم ترین مقام کے حامل پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ۔ملک تہنائی کا شکار ہے خطے کے تینوں ہمسایہ ممالک سے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔ آزمودہ دوست ممالک بھی بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے حامی نہیں رہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں2018ء کے عام انتخابات میں عوامی حمایت سے کامیابی حاصل کرکے جمہوری حکومت کے ذریعے قائداعظم کے پاکستان کے مثبت تشخص کو اقوام ِ عالم میں ایک بار پھر بحال کروائیں۔

ای پیپر دی نیشن