لاہور (آن لائن) رواں برس اپریل میں لاہور میں کھولے گئے خواجہ سرا کمیونٹی کے سکول و کالج سے پہلے بیچ نے تعلیم مکمل کرلی۔ ماڈل ٹائون میں ایک سماجی تنظیم کی جانب سے کھولے گئے دی جینڈر گارڈین میں ٹرانس جینڈر افراد کو پرائمری سے لے کر 12 جماعت تک مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ خواجہ سرا کمیونٹی کے افراد کو باعزت نوکریاں حاصل کرنے اور معاشرے کا اہم فرد بنانے کے لیے اسکول و کالج کی جانب سے انہیں نہ صرف قانونی تعلیم دی جاتی ہے، بلکہ انہیں ضرورت پڑنے پر قانونی و مالی مدد بھی فراہم کی جاتی ہے۔ دی جینڈر گارڈین کے پہلے بیچ کی جانب سے تربیتی شارٹ کورسز کی تکمیل کے بعد انہیں سرٹیفکیٹ دیے جانے کی تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں پاکستان کی پہلی خواجہ سرا اداکارہ کامی سڈ، سماجی تنظیم اخوت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب اور معروف گلوکار ابرار الحق سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ طلبہ کو تربیتی کورسز مکمل کرنے کے بعد تقریب میں انہیں سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔ مجموعی طور پر پہلے بیچ میں 17 طلبہ نے انگریزی زبان سیکھنے، بیوٹیشن، کوکنگ اور اسٹیچنگ سمیت دیگر کورسز کیے۔ تقریب کے دوران جہاں کورسز مکمل کرنے والے تمام طلبہ کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے، وہیں گلوکار ابرار الحق نے اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔علاوہ ازیں تقریب میں اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب نے یہ اعلان بھی کیا کہ ان کی تنظیم اپنا کاروبار شروع کرنے والے خواجہ سرا طلبہ کو آسان شرائط پر قرضے بھی فراہم کرے گی۔