وفاقی کابینہ میں6 نئے وزراء شامل‘ پنجاب:10 وزیر‘ 3 مشیر‘5 معاونین خصوصی آج حلف اٹھائیں گے

Sep 12, 2018

اسلام آباد (ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے وفاقی کابینہ میں شامل کیے گئے 6 وزرا اور وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے 3 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت سے حلف لیا۔ وفاقی وزرا بننے والوں میں علی محمد مہر، عمر ایوب اور علی حیدر زیدی شامل ہیں جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر وزیر مملکت ہونگے۔ حلف اٹھانے والے وزرا اور وزرائے مملکت کے قلمدانوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ واضح رہے پیر کو وفاقی کابینہ کے ارکان کی حلف برداری کی تقریب ملتوی ہونے کی وجہ سامنے آئی تھی۔ تقریب حلف برداری کو اس لیے موخر کیا گیا کیونکہ آخری لمحات میں سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت بننے سے انکار کر دیا۔ 6 نئے وزراء اور وزرائے مملکت کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی کل تعداد 26 ہوگئی ہے۔ ادھر پنجاب کابینہ کے 10 نئے وزرائ، 3 مشیر اور 5 معاونین خصوصی آج حلف اٹھائیں گے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جمعہ کو 9 وزرا کے ناموں کی منظوری دی تھی اور اب مزید ایک وزیر کے نام کی منظوری بھی دی گئی۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور آج (بدھ کو) نئے وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی سے حلف لیںگے ۔سید سعید الحسن شاہ، مہر محمد اسلم بھروانہ، سید حسنین جہانیاں گردیزی، محمد اجمل، محمد اخلاق، آشفہ ریاض، شوکت لالیکا، زوار حسین وڑائچ اور اعجاز مسیح وزرا، عبدالحئی دستی، فیصل حیات جبوانہ اور محمد حنیف ایڈوائزر ہوں گے۔ رفاقت علی گیلانی، امیر محمد خان، خرم خان لغاری، عمر فاروق اور محمد سلمان خصوصی معاون ہوں گے۔ 10 نئے وزرا کی شمولیت کے بعد پنجاب کابینہ میں وزرا کی تعداد 33 ہو جائے گی۔

مزیدخبریں