لاہور (خصوصی رپورٹر) تین مرتبہ پاکستان کی خاتون اول رہنے والی بیگم کلثوم نواز نے 29مارچ 1950ء کو برصغیر کے معروف کشمیری پہلوانوں کے خاندان میں رستم ہند امام بخش پہلوان کی صاحبزادی کی کوکھ سے جنم لیا۔ انہوں نے اسلامیہ کالج کوپر روڈ لاہور سے انٹر میڈیٹ کا امتحان پاس کیا۔ گریجوایشن ایف سی کالج لاہور سے ایم اے اردو 1970ء پنجاب یونیورسٹی کے اورنٹیل کالج سے کیا۔ ان کی میاں نواز شریف سے 1971ء میں شادی ہوئی۔ ان کے یہاں مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور اسما نواز چار بچے ہیں۔ میاں نوار شریف 1990ء میں وزیر اعظم منتخب ہوئے تو انہیں پہلی مرتبہ خاتون اول بننے کا اعزاز حاصل ہوا جو کہ 1993ء تک رہا۔ دوسری مرتبہ وہ 1997ء سے 1999ء اور تیسری مرتبہ 2013ء سے 2017ء تک خاتون اول رہیں۔ میاں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ سے علیحدگی اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہلی کے بعد ان کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 120لاہور سے 17ستمبر 2017ء کو 61ہزار 745ووٹ حاصل کر کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں، انہوں نے اپنی قریبی حریف کو 15ہزار ووٹوں سے زائد برتری سے شکست دی تاہم انہیں قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی اس نشست پر حلف اٹھانا نصیب نہیں ہوا۔ گاما پہلوان کی نواسی کلثوم نواز نے ابتدائی تعلیم مدرسہ البنات سے حاصل کی اس کے بعد لیڈی گریفن سکول سے میٹرک کیا۔ بیگم کلثوم نواز کے بھائی عبدالطیف کی شادی بھی شریف خاندان میں ہوئی اور یہی رشتہ داری اپریل 1971ء میں نواز شریف سے ان کی شادی کا سبب بنی۔ کلثوم نواز کو عملی سیاست سے دلچسپی نہیں تھی اور وہ خاتون خانہ ہونے کو ترجیح دیتی رہیں۔