اوول ٹیسٹ انگلینڈ کے نام‘ سیریز 4-1 سے میزبان نے جیت لی

Sep 12, 2018

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) میزبان انگلینڈ نے 5 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 118 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-1 سے اپنے نام کر لی۔ اوول ٹیسٹ کا فیصلہ چوتھے روز ہوا جب بھارتی ٹیم دوسری اننگ میں اوپنر راہول اور وکٹ کیپربینٹ کی سنچریوں کے باوجود شکست سے نہ بچ سکی۔ بھارت کو دوسری اننگ میں 464 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا تاہم بھارتی ٹیم اس ہدف کے حصول میں کامیاب نہ ہو سکی اور 345 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔ بھارتی ٹیم دوسری اننگ میں بالکل مزاحمت نہ کر سکی‘ بھارت نے چوتھے روز جب اپنی نامکمل اننگ گزشتہ روز کے اسکور 3 وکٹ 58 رنز پر دوبارہ شروع کی تو رائینے جو 10 رنز کے ساتھ وکٹ کیپر راہول کا ساتھ دے رہے تھے‘ 37 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر جنگز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ وہان اپنا کھاتہ نہ کھول سکا اس کو برسٹونے اسٹوکس کی گیند پر کیچ کیا۔ اس موقع پر وکٹ کیپر بینٹ نے اوپنر راہول کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور میں اضافہ کرنا شروع کیا۔ دونوں نے اپنی اپنی سنچریاں مکمل کیں‘ دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 204 رنز جوڑے۔ اس موقع پر راہول 20 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 149
رنز بنا کر آئوٹ ہوا۔ اس اہم وکٹ کے گرنے کے بعد بھارتی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ راہول کے آئوٹ ہونے کے بعد دوسرے سنچری میکر بینٹ15 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 114 رنز بنا کر پویلین واپس پہنچ گئے۔ بعدازاں جدیجہ 13 اور شرما نے 5 رنز کا اضافہ کیا۔ بھمبھرا ایک کھاتہ کھولے بغیر آئوٹ ہوا۔ اس طرح اوول ٹیسٹ میزبان انگلینڈ نے 118 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کیا۔ اینڈرسن نے 3‘ کیرن اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں لیں۔ اسکور انگلینڈ 332 اور 423‘ بھارت 229 اور 345 رنز۔ جمیس اینڈرسن نے اس میچ میں 5 وکٹیں لے کر آسٹریلیا کے میک گرا کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ مک گرا 124 میچوں میں 463 وکٹیں لے کر نمبر ون پوزیشن پر تھے۔ اینڈرسن نے اس میچ میں اپنی وکٹوں کی تعداد 464 تک پہنچا کر مک گرا کو عالمی ریکارڈ سے محروم کر دیا۔ اینڈرسن نے محمد شامی کو آئوٹ کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

مزیدخبریں