بجلی کی 10بڑی تقسیم کار کمپنیوں میں 53ہزار آسامیاں خالی ہو نے کا انکشاف

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی میں بجلی کی 10بڑی تقسیم کار کمپنیوں میں 53ہزار آسامیاں خالی ہو نے کا انکشاف کیا گیا ہے جبکہ کمیٹی نے ملازمتوں میں صوبوںکا کوٹہ مختص کر نے کی ہدایت کر دی ، کمیٹی نے تمام ڈسکوز کے بورڈ آف ممبر ز کی تعداد اور تعیناتی کے طریقہ کار کے حوالے سے وزارت توانائی سے اگلے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔تفصیلات کے مطابق منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس چیئرمین فدا محمد کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں سیکرٹری توانائی کی جانب سے ملک بھر کے تمام ڈسکوز کے ملازمین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔سیکرٹری توانائی نے کمیٹی کو بتایا کہ 10بڑی کمپنیوں میں 53ہزار آسامیاں خالی ہیں ، جبکہ 96ہزار790ملازمین اس وقت ریگولر کام کر رہے ہیں ، تین ہزار ملازمین ورک چارٹ پر کام کر رہے ہیں،یہ ادارے نجکاری کمیشن کی لسٹ پرہیں ، سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے استفسار کیا کہ ملازمتوں پر سے پابندی اٹھنے کے بعد کتنے لوگ رکھے گئے ہیں ، سی ای او آئیسکو نے کمیٹی کو بتایا کہ دسمبر میں پابندی اٹھنے کے بعد 1277لوگ رکھے گئے ہیں ، جن کی جنوری میں ریکروٹمنٹ کی گئی ہے ، گریڈ 17سے اوپر کے ملازمین کے لئے کوٹہ مختص ہو تا ہے جبکہ گریڈ 17سے نیچے والے گریڈ کے لئے کوٹہ مختص نہیں ہوتا ، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پورے ملک کے لئے ملازمتوں میں کوٹہ ہونا چاہئے ۔

ای پیپر دی نیشن