وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے سول سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی کنٹرول روم اور قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیاـوزیراعلیٰ نے کنٹرول روم اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں اینٹی گریٹڈ کمانڈ ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کے مختلف حصے دیکھےـوزیراعلیٰ کوسول سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی کنٹرول روم میں محرم الحرام کے دوران کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور گزشتہ برسوں سے بڑھ کر سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔مجالس اور جلوسوں کیلئے روٹ اور وقت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔عثمان بزدار نے کہاکہ اپنے اضلاع میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے امن کمیٹیوں کے ارکان متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات میں معاونت کیلئے فوج اور رینجرز کو طلب کیا گیا ہے۔مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس قربان لائنز کا دورہ کیااورکیمروں کی مدد سے شہر کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیاـوزیراعلیٰ نے سیف سٹی اتھارٹی کے اینٹی گریٹڈ کمانڈ ،کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کا بھی دورہ کیااور وہاں کام کرنے والے عملے کی کارکردگی کو سراہاـوزیراعلیٰ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ نظام میں مثبت تبدیلی لانا وقت کا تقاضا ہے اورجدید ٹیکنالوجی کا استعمال جدید دور کی ضرورت ہےـتھانہ کلچر کو بدلنے میں جدید ٹیکنالوجی ممدومعان ثابت ہوگی ـ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہےـپولیس کے نظام کو بہتر بنانا ہمارا ایجنڈا ہےـپنجاب سیف سٹی کا دائرہ کار ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر تک بڑھائیں گےـسینٹر میں یوتھ کو کام کرتا دیکھ کر خوشی ہوئی ہے ـصوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنر ل پولیس، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ـوزیراعلیٰ کو اتھارٹی کی کارکردگی اور مستقبل کے پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات ،وزیراعلیٰ کاسول سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی کنٹرول روم اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ
Sep 12, 2018 | 19:45