کربلا (آن لائن + صباح نیوز) عراق کے شہر کربلا میں عاشورہ مرم الحرام کے جلوس کے دوران بھگدڑ مچنے سے 31 افراد کچل کر جاں بحق ہو گئے۔ عراقی وزارت صحت نے کربلا میں بھگدڑ کے واقعے میں کچل کر 31 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھگدڑ مچنے سے 100 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق کربلا میں عاشورہ کے جلوس کیلئے بنائے گئے راستے کا ایک حصہ گرنے سے بھگدڑ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ دوسری جانب دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ کربلا میں ہونے والی بھگدڑ میں جاں بحق افراد میں پاکستانی شامل نہیں ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں۔ پاکستانی سفارتخانے کا کربلا میں کیمپ آفس صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہارتعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعاگو ہیں۔