لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں سیاسی اور اقتصادی استحکام سے غافل ہیں ۔ ملک حالت جنگ میں ہے لیکن کشمیر اور افغانستان کے حوالے سے کوئی متفقہ قومی پالیسی نہیں بنائی جارہی ۔ موثر سفارت کاری کے بغیر جنرل اسمبلی سے خطاب صرف بے اثر تقریرہی ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں محرم الحرام کے دس ایام و یوم عاشور پر امن رہا اور مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظر میں شہدائے کربلا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ یزیدی ، نازی اور مودی نظام اقتدار کو ہمیشہ ذلت اور رسوائی ہی ملے گی ۔حق ہر حالت میں کامیاب اور بالآخر غالب ہوتاہے ۔ میدان کربلا کا پیغام یہی ہے کہ ظلم اور وقت کے یزیدوں کے مقابلے میں حق کا پرچم بلند رکھا جائے اور وحدت ، اتحاد اور استقامت سے اہل حق ڈٹے رہیں ۔ ایک ماہ سے زائد دن ہوگئے ہیں کشمیر میں ظلم جاری اور مسلسل کرفیو نافذ ہے ۔ مواصلاتی رابطے ختم ہیں ۔ مرد و خواتین اور بچے گھروں میں قید ہیں ۔ عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مجرمانہ خاموشی اور تماش بینی کا شکار ہیں ۔ کشمیر میں انسانی المیہ دنیا بھر کی تباہی کا پیش خیمہ بن جائے گا ۔