ہیومن رائٹس کمشنر نے دنیا کوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا،فخرامام

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کشمیریوں بارے اقوام متحدہ ہیومن رائٹس چیف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیومن رائٹس کمشنر نے دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیاجو قابل اعتراف ہے۔ اپنے چیمبر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پہلے بھی دو تفصیلی رپورٹس ہیومن رائٹس کونسل کی طرف سے آئی ہیں۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں مذہبی اجتماعات پر پابندی ہے۔ محرم کے جلوس روکے گئے ہیں محرم کے جلوسوں کو روکنے پر عالمی سطح پر اس کی مذمت بھی کی گئی ہے۔حریت رہنماء یسین ملک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، ان کو ایک پنجرے میں رکھا گیا ہے۔سید علی گیلانی آسیہ اندارابی سمیت 20 اہم رہنماوں کو جیل میں رکھا گیا ہے۔چھ سے سات ہزاروں نوجوانوں کو اٹھا کر آگرہ اور دہلی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا نوجواںکو گرفتار کرکے بھارت یہ سمجھتا ہے وہ آبادی کا تناسب تبدیل کرسکے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ انہوں نے کہا آبادی کا تناسب تبدیل کر کے مقبوضہ کشمیر میں بوگس الیکشن کروانا بھارت کی خواہش ہے۔ انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ بھارت کے منصوبے کے خلاف عالمی سطح پر کوئی ایکشن ہو۔قائد اعظم کے یوم پیدائش کے حوالے سے انہوں نے کہا قائداعظم نے تاریخ کا رخ اور دنیا کا جغرافیہ تبدیل کیا۔قائد اعظم جیسی شخصیات دنیا میں بہت کم ملیں گی۔قائد اعظم نے ابتدائی مراحل میں کہا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔انہوں نے کہا ترقی کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے تین بنیادی اصولوں کو اپنانا ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن