ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ویجیلینس ٹیموں کی بڑی کارروائی

Sep 12, 2019 | 22:20

ویب ڈیسک

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میںویجیلینس ٹیموں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے استعمال شدہ گندہ تیل سپلائی کرنیوالا ایک اور گروہ پکڑلیا۔ 45ڈرموں میں موجود 8ہزار 100لیٹر مضر صحت تیل برآمدکر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ویجیلینس کی اطلاع پر ناکہ لگا کر کارروائی کی۔ایل اوڈی6670نمبرٹرک میں موجود ناقص اور مضر صحت آئل گجرات سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے قبل پکڑے جانے والے گروہ سے ملنے والی معلومات پر ویجیلنس ونگ نے اس گروہ کا سراغ لگایا ہے۔برآمد شدہ ناقص اور مضر صحت آئل قبضہ میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔غیر معیاری آئل سستے داموں مختلف ہوٹلوں،نمکو اورسنیکس بنانیوالے پروڈکشن یونٹس کو سپلائی کیا جانا تھا۔ویجیلینس ونگ کوسپلائی چین کی تحقیقات اورمافیا کا چہرہ بے نقاب کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔کیپٹن(ر)محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ استعمال شدہ اورآلائشوں سے نکالا گیا تیل متعدد موذی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ضبط کیا گیا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر آئل بائیو ڈیزل کمپنی کے حوالے کر دیا جائے گا۔پی ایف اے قوانین کے مطابق یہ تیل صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت دشمن عناصر کی بیخ کنی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی پوری طرح متحرک ہے۔خوراک کے کاروبار میں دھوکہ دہی کرنے والے انسان دشمن سخت سزاؤں کے حقدار ہیں۔
 

مزیدخبریں