لاہور (خصوصی نامہ نگار )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے کہا ہے کہ نئے ماسٹر پلان کے ذریعے لاہور کو تہذیب کا مرکز اور خوشحال شہر بنایا جائیگا۔ نیا ماسٹر پلان لاہور ڈویژن کی حدود میں واقع تمام شہری و دیہی علاقوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔ نئے ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے ماحولیاتی تحفظ‘وسائل کے دانشمندانہ استعمال ‘تاریخی ورثے کی بقا‘معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور آبادی کے تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ لاہور کے نئے ماسٹرپلان2050ء کی تیاری کے لئیکنسلٹنٹ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں ماسٹر پلان کی تیاری کے لئے مختلف فرموں کی طرف سے وصول ہونے والی اظہار دلچسپی کی پیشکشوں پر غور کیا گیا ۔ ماسٹر پلان کی تیار ی کے لئے سات کمپنیوں نے اظہار دلچسپی جمع کرائے ۔ ان کمپنیوں میں کنٹری ڈویلپرز کنوریشم ،یورو کنسلٹنٹ پاکستان،شہر ساز پرائیویٹ لمیٹڈ،ایشین کنسلٹنٹس ،مائن ہارٹ ،پلوٹو پلاننگ ترکی اور نیسپاک کنسلٹنٹس شامل ہیں۔