پاک چین جوائینٹ چیمبرنے منرل ڈویلپمنٹ بنک کے قیام کی تجویز دیدی

 لاہور(کامرس رپورٹر )پاک چین جوائینٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان میں موجود ماربل اینڈ گرینائٹ کے کثیر ذخائر سے پوری طرح استفادہ کرنے کیلئے ملک میں چین کے اشتراک سے منرل ڈویلپمنٹ بنک قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ پاک چین چیمبرکے صدر زرک خان نے گزشتہ روز تھنک ٹینک کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان ماربل اینڈ گرینائٹ سکٹر کے حوالے سے دنیا کا 6 واں بڑا ملک ہے لیکن افسوس کہ تاحال ہم اپنی حیثیت کو معاشی ترقی میں پوری طرح استعمال نہیں کر پا ئے۔ہمارے پاس ماربل اینڈ گرینائٹ کی 65 سے زائد اقسام ہیں اور ہمارے پاس 400 ملین ٹن کے قریب ماربل اینڈ گرینائٹ کے ذخائر موجود ہیں۔ علاوہ ازیں چینی سرمایہ کار متعدد بار اس شعبہ میں پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کی خواہش بھی ظاہر کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ماربل اینڈ گرینائٹ سیکٹر سے سالانہ 200 ملین ڈالر کی برآمدات اضافی طور پر ممکن ہو سکیں گی۔

ای پیپر دی نیشن