حاصل بزنجو کی وفات سے خالی ہونیوالی  سینٹ نشست پر الیکشن آج ہونگے

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ آن لائن)   سینیٹر میر حاصل بزنجو مرحوم کی وفات کے بعد خالی ہونے والی سینٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب آج ہوگا۔ اس سلسلے میں صبح نو سے شام چار بجے تک صوبائی اسمبلی کے 64 ارکان ووٹ ڈال سکیں گے۔ سینٹ کے ضمنی انتخاب میںچار امیدوار بلوچستان عوامی پارٹی کے خالد بزنجو، جمعیت علماء اسلام کے غوث اللہ، پی ٹی آئی کے ڈاکٹر منیر بلوچ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد علی مدمقابل ہیں۔ محمد علی دستبردار ہو چکے۔  بلوچستان اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کے مطابق  اس وقت بلوچستان عوامی پارٹی کے 24، جمعیت علماء اسلام کے 10، بلوچستان نیشنل پارٹی کے 10، پاکستان تحریک انصاف کے7، عوامی نیشنل پارٹی کے 4، بی این پی عوامی کے 3، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے 2، مسلم لیگ (ن) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، جمہوری وطن پارٹی کے ایک، ایک جبکہ ایک آزاد رکن ہیں۔ دوسری جانب سینٹ کی خالی نشست پر بلوچستان نیشنل پارٹی نے جمعیت علماء اسلام کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ جمعہ کے روز جمعیت علما اسلام اور بلوچستان نیشنل پارٹی کا مشترکہ میٹنگ ہوا جس میں قائد حزب اختلاف و پارلیمانی لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی نے شرکت کی۔ اس موقع پر بی این پی کے امیدوار کیپٹن محمد علی ہزارہ جمعیت علما اسلام کے امیدوار برائے سینٹ حاجی غوث اللہ کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

ای پیپر دی نیشن