اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے راولپنڈی میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ آج پاکستان میں بچیوں اور بچوں کے ساتھ جنسی واقعات بڑھ گئے ہیں۔ موٹر وے واقعہ پر پنجاب حکومت کا مؤقف مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا بزدل‘ گونگی اور بہری حکومت نے موٹر وے واقعہ پر کچھ نہیں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ یہ تبدیلی نہیں تبادلہ سرکار ہے۔ جرائم کا خاتمہ بیوروکریسی اور پولیس افسروں کے تبادلوں سے نہیں بے حس حکمرانوں کو بدلنے سے ہوگا۔ پاکستان نے تو امت کیلئے ایک مثال بننا تھا۔ یہ اسلام کا قلعہ تھا مگر اس قلعے میں بیٹیاں محفوظ نہیں۔ بچوں کے سامنے ان کے والدین کو قتل اور ایک ماں کے ساتھ گینگ ریپ کیا جاتا ہے مگر حکمران سوئے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ظلم و جبر اور استحصال کے اس نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا۔