لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان کا عالمی معیشت میں حصہ ایک سال میں ہی 0.36 فیصد سے کم ہو کر 0.32 فیصد رہ گیا 2018 میں پاکستانی معشت کا حجم 3 کھرب 20 ارب ڈالر تھا 2019 میں 2 کھرب 80 ارب ڈالر رہ گیا۔ بنگلا دیش نے بھی پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا۔ورلڈ بینک کے اعدادو شمار کی بنیاد پر عالمی معیشت کے بارے میں رپورٹ کے مطابق 2019 میں امریکہ کی معیشت کا حجم 9 کھرب ڈالر کے اضافے سے 214 کھرب 30 ارب ڈالر رہا، جو دنیا کی مجموعی معیشت کا 24.42 فیصد ہے۔ چین کی معیشت کا حجم 7 کھرب ڈالر کے اضافے سے 143 کھرب 40 ارب ڈالر تھا جو عالمی معیشت کا 16.34 فیصد ہے 2018 میں عالمی معیشت میں امریکہ کا حصہ 23.9 فیصد اور چین کا 15.86 فیصد تھا ۔رپورٹ کے مطابق بھارت 28 کھرب 80 ارب ڈالر کی معیشت کے ساتھ جاپان اور جرمنی کے بعد دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں صرف 17 ملکوں کی جی ڈی پی کا حجم 10 کھرب ڈالر سے زیادہ ہے۔