قائداعظمؒ  کی72ویں برسی،صدر،گورنر ،وزیراعلیٰ سندھ کی مزار پر حاضری،پھول چڑھائے

Sep 12, 2020

کراچی+اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+صباح نیوز+ وقائع نگار خصوصی) بانی پاکستان قائداعظم کی 72 ویں برسی ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ برسی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک بحریہ کے بگلرز نے ماتمی دھن بجا کر عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کیا اور سلامی دی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔ تقریب کے بعد صدر مملکت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کرونا وائرس کے دوران ڈاکٹروں اور مخیر حضرات نے بیڑہ اٹھایا، حکومتوں نے غریبوں کی احساس پروگرام کے ذریعے فکر کی۔ علما، میڈیا سب مل کر قوم کو کرونا وائرس سے متعلق آگاہی دیتے رہے۔ قوم نے ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا۔ انہوں نے کہا کرونا پر قابو پانا بھی قوم کی انوکھی کامیابی ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سے متعلق کہا جا رہا کہ اس قوم سے کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔ دنیا کی بہتر قوموں میں اپنا نام لکھوانے کیلئے پاکستانی قوم بالکل تیار ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قوم اپنے عظیم قائد کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے، عمران خان قائداعظم کے مشن پر کاربند ہیں، پاکستان کو اسلامی، فلاحی ریاست بنانا ان کا پختہ عزم ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قائداعظم نے مسلمانانِ برصغیر کو انگریز کی غلامی اور متعصب ہندو تسلط سے آزادی دلائی۔علاوہ ازیںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بابائے قوم محمد علی جناح کی 72ویں  برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے قائداعظم شہید پاکستان ہیں، اپنی صحت اور زندگی کی پراوہ کئے بغیر دن رات ملک وقوم کے لئے خود کو وقف رکھا محمد علی جناح برصغیر کے مسلمانوں کے ولولہ انگیز، بصیرت افروز، مخلص اور باکمال قائد تھے انہوں نے کہا کہ رب کریم نے مسلمانوں کے نظریاتی ملک کے قیام کاعظیم کام محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں سے لیا۔قائداعظم کی قربانیوں اور احسانات پر مسلمانان برصغیر ان کو خراج عقیدت اور اپنی محبتوں کے پھول پیش کرتے ہیں، محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) قائد کے مشن کو پورا کرکے رہے گی اللہ تعالی قائداعظم محمد علی جناح کے جنت میں مقام کو بلند فرمائے۔ آمین۔ ادھر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بابائے قوم ایسی مملکت کے خواہشمند تھے جہاں کوئی تفریق نہ برتی جائے، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے،جسے قائد نے پاکستان کی شہ رگ کہا تھا، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کی برسی پر اپنے ایک پیغام میں بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ نظریہِ پاکستان ملک کی بنیاد ہے، قائداعظم نے سیاسی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے مسلمانوں کے لیے ملک قائم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا ملک جہاں امپیرئل حکومتوں کے برعکس سب قانون کے آگے برابر ہوں گے، وگرنہ آزادی سے پہلے ایک ملک میں کئی قانون ہوتے تھے۔

مزیدخبریں