مسلمانوں کوقومی سالمیت کیلئے اتحاد کا راستہ اختیار کرنا ہو گا:قاضی نادر حسین

Sep 12, 2020

ملتان(  سماجی رپورٹر ) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام"حرمت رسول ؐو اتحاد امت"کے عنوان سے ملک کے مختلف شہروں میں پْرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔جن میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔شرکا نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر عالم استعمار اور ملک دشمن سازشی عناصر کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہروں کا مقصد امت مسلمہ کے خلاف دشمنانِ اسلام کے مذموم عزائم کا پردہ چاک کر کے مسلمانوں کو سازشوں سے آگاہ کرنا تھا۔ ملتان میں احتجاجی مظاہرہ امام بارگاہ ابوالفضل العباس کے باہر کیا گیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے اتحاد بین المسلمین اور رواداری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کو اپنی بقا اور قومی سالمیت کے لیے  اختلافات بھلا کر اتحاد واخوت کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ دشمنان اسلام کے پاس امت مسلمہ کی تباہی کا سب سے موثر ہتھیار "نفاق بین المسلمین" ہے.مذہب کا لبادہ اوڑھ کر جو بھی امت مسلمہ میں انتشار پھیلانے کی بات کرتا ہے وہ یہود و ہنود کاسہولت کار اور ملک و قوم کی سلامتی کا دشمن ہے سلیم عباس صدیقی نے کہا کہ مسلمانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی ناچاکی نے اسلام دشمنوں کے حوصلے بلند کر رکھے ہیں۔انہوں نے کہا اگر عالم اسلام نبی کریم ؐ کی ذات مبارکہ پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کیے بغیر پہلی بار کی جانے والی ناپاک جسارت پر متعلقہ ریاست سے تجارتی و سفارتی روابط ہمیشہ کے لیے ختم کر دیتا تو دوبارہ کسی کو یہ توہین کرنے کی جرات نہ ہوتی۔احتجاجی مظاہرے سے مہر سخاوت علی اور دیگر نے خطاب کیا۔

مزیدخبریں