کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کے لیے ناموں پر غور شروع کر دیا، پی سی بی آئندہ ہفتے چیئرمین کرکٹ کمیٹی کا اعلان کر سکتا ہے۔پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کے لیے ناموں پر غور شروع کر دیا ، اقبال قاسم کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین کا عہدہ خالی ہے، ذرائع کے مطابق کہ چیئرمین کے عہدے کے لیے ظہیر عباس ، انتخاب عالم اور سلیم یوسف کے ناموں پر ابتدائی غور کیا جا رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ان کرکٹرز کے علاوہ بھی کئی نام زیرغور لا رہا ہے جبکہ پی سی بی آئندہ ہفتے چیئرمین کرکٹ کمیٹی کا اعلان کر سکتا ہے کیونکہ پی سی بی 30 ستمبر کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے آغاز سے قبل کمیٹی کا اجلاس بلاناچاہتا ہے۔کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ٹیم کی دورہ انگلینڈ اور ہیڈکوچ چیف سلیکٹر مصباح الحق کی کارکردگی پر بات ہو گی ،کمیٹی کے اجلاس میں مصباح الحق کو بھی بلایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کے ایک رکن آئی سی سی میچ ریفری کے لیے نام بھجوانے کے لیے کوشاں ہیں ، میچ ریفری بننے کی صورت میں رکن کو کمیٹی سے الگ ہونا پڑے گا اور رکن کے الگ ہونے کی صورت میں نئے رکن کی نامزدگی بھی پی سی بی کو کرنا ہو گی۔
چیئرمین کرکٹ کمیٹی، ظہیر عباس، انتخاب عالم، سلیم یوسف کے نام زیر غور
Sep 12, 2020