اسلام آباد (صباح نیوز)پائلٹس کے مشکوک لائسنز کی تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہو گئیں۔ تحقیقاتی ٹیم کو 15ستمبر تک پائلٹس کے مشکوک لائسنز کی تحقیقات مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ پائلٹس کے خلا ف انکوائر ی رپورٹ وفاقی کابینہ کے 15ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔ ایوی ایشن ڈویژن نے پائلٹس لائسنز انکوائری رپورٹ جلد منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے پائلٹس لائسنز انکوائری رپورٹ 30ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم یورپین یونین کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی لگانے کی وجہ سے پائلٹس لائسنز کی تحقیقاتی رپورٹ 15ستمبر تک پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ اجلاس سے رپورٹ کی منظوری لینے کے بعد یہ رپورٹ یورپین یونین کو پیش کی جائے گی۔جبکہ مشکوک لائسنسز کے معاملہ پر ذاتی سماعت کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے اور پائلٹس کو ایک ایک کر کے بلایا جائے گا اور ان سے ذاتی طور پر سوالات کئے جائیں گے۔