لاہور (کامرس رپورٹر) متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ لاہور نے سادہ روٹی کی قیمت میں 2روپے اور نان کی قیمت میں 3روپے کا اضافہ 20ستمبر تک مئوخر کر دیا ہے۔ اس امر کا اظہار گزشتہ روز ایسوسی ایشن کے صدر محمد آفتاب گل نے دیگر عہدے داروں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت آٹا اور فائن کی پرانی قیمتوں کو بحال کرے۔ اگر 20 ستمبر تک ایسا نہ ہوا تو 21ستمبر سے سادہ روٹی کا ریٹ 12روپے اور نان کا ریٹ 18روپے ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے فائن کی بوری کی قیمت میں 500 روپے سے 600 روپے اضافہ ہو چکا ہے۔ حکومت نے گیس بھی مہنگی کر دی ہے۔ اس صورتحال میں سادہ روٹی اور سادہ نان اور خمیری روٹی کی قیمت میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔