لاہور(خصوصی رپورٹر)شہبازشریف نے ایک ہفتے کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں کھانے پینے اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں 23 فیصد اضافہ ،مہنگائی کی اوسط شرح 13.64 فیصد ہونا حکومت کے موجود نہ ہونے کا ثبوت ہے ۔غریب طبقات کے لئے مہنگائی کی شرح 17.02 فیصد ہونے سے بدترین غربت میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ،20 کلو آٹا 58 روپے مہنگا ہونے کا مطلب ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ،انڈے ، گھی، کوکنگ آئل، دال، لہسن، دودھ، دہی، چاول، گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے ،گھی کی قیمت گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد، کوکنگ آئل 37، چکن 39 فیصد مہنگا ہونا ظلم کی بدترین شکل ہے ،بجلی گزشتہ سال کے مقابلے میں 47 فیصد اورایل پی جی 46 فیصد مہنگی ہوئی جو حکومتی نااہلی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے ،جوتے 33 فیصد مہنگے ہونے کا مطلب ہے کہ حکمران قوم کے پیر ننگے کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ حکمرانوں نے قوم کو کوئی ریلیف نہیں صرف تکلیف دی ہے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 73 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان، اصول، قانون، جمہوریت، نظم وضبط اور اپنے عہد پراٹل رہنا قائداعظم محمد علی جناب کی شخصیت کے بنیادی جوہر تھے ،پوری قوم اپنے عظیم محسن کے درجات کی بلندی کے لئے اللہ پاک کے حضور دعاگو ہے ۔ اپنے بیان انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کیلئے ایک بہت بڑا صدمہ تھا۔ ان کی دانشمندی اور بصیرت مثالی تھی۔ آئین اور جمہوریت کیلئے انہوں نے تاریخی کردار ادا کیا۔