قائد اعظمؒ کی 73ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

Sep 12, 2021

کراچی(این این آئی)بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کو پاکستانیوں سے بچھڑے ہوئے 73برس بیت گئے، لیکن ان کے رہنما اصول تمام پاکستانیوں کے لئے مشعلِ راہ بن کر موجود ہیں۔بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 73 واں یوم وفات ہفتہ11ستمبرکو انتہائی عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ اس موقع پر سرکاری اور نجی سطح پر مختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا۔گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی کابینہ سمیت بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے مزار پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔قائد اعظم محمد علی جناح کو 1937 میں مولانا مظہرالدین نے قائداعظم کا لقب دیا۔ ان کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان ہند نے الگ وطن پاکستان حاصل کیا اور انگریزوں کے تسلط سے چھٹکارا پایا۔قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کا آغاز 1882 میں اپنے آبائی شہر سے کیا اور 1893 میں اعلی تعلیم کے حصول کے لئے انگلینڈ چلے گئے۔ 1896 میں قائد اعظم نے بیرسٹری کا امتحان پاس کیا اور وطن واپس لوٹ آئے۔محمد علی جناح پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے اور وطن واپسی کے کچھ عرصہ بعد ہی قائداعظم کا شمار برصغیر کے مایہ ناز قانون دانوں میں کیا جانے لگا تھا۔برصغیر واپسی کے بعد قائداعظم نے سیاست میں باضابطہ طور پر حصہ لیا اور 1906 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ کانگریس کا حصہ بننے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ یہ جماعت برصغیر کے تمام باسیوں کی نہیں بلکہ صرف ہندوں کی نمائندہ جماعت ہے۔قائداعظم نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

مزیدخبریں