لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران تین سالوں میں بھی کوئی بہتری نہیں لا سکے۔ پی ٹی آئی کے دور میں ملک ریورس گیئر پر ہے۔ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پورا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔ عدالتوں میں انصاف نہیں۔ معیشت تباہ حال اور تعلیم و صحت کا ستیاناس ہو چکا ہے۔ سونامی آخرکار آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلام بن گئی۔ حکومت میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوششیں نہ کرے۔ صحافیوں کے ساتھ ہیں۔ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کرتے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ جمہوریت کے نام پر کچھ خاندانوں نے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے۔ سیاسی جماعتیں درحقیقت بادشاہت چاہتی ہیں۔ جن میں ان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے اور آزمائی ہوئی پارٹیوں کو مسترد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تلہ گنگ میں سابق ضلعی امیر چکوال ڈاکٹر حمید اللہ کی یاد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طارق سلیم، اقبال خان، پروفیسر امیر ملک، محمد آصف، کرنل سلطان، حافظ جاوید، اویس اسلم اور دیگر مقامی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ امیر جماعت نے مرحوم حمید اللہ کی دینی اور چکوال کے عوام کے لیے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا ڈاکٹر حمید اللہ نے تمام زندگی نظام میں بہتری اور عوام کی فلاح کے لیے صرف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اشرافیہ کو کانٹا بھی چبھ جائے تو بیرون ملک علاج کے لیے بھاگ جاتے ہیں۔ ان کی جائیدادیں بھی باہر ہیں اور بچے بھی باہر۔ دوسری طرف تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکول نہیں جاتے اور ڈھابوں اور فیکٹریوں میں مزدوریاں کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا اور اس کے عوض ڈالر بٹورے۔ سراج الحق نے کہا کہ ہمارے حکمران مغرب کے دبائو پر ملکی سلامتی کا سودا کرنے کے لیے بھی تیار ہوجاتے ہیں۔ ہماری خارجہ پالیسی استعماری طاقتوں کی تابع ہے۔ مدارس اور علماء حکمرانوں کے غیض و غضب کا شکار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ کا وقت آ پہنچا ہے، قوم کو کرپٹ اور فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کے لیے بھرپور جمہوری جدوجہد کرنی پڑے گی۔