لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے نام پر ڈاکوؤں کے ٹولے نے ملک کو لوٹنے اور اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہ کیا۔ آج جب یہ اقتدار سے باہر ہیں تو انہیں ملکی فلاح و بہبود کا ہر کام ایک سازش نظر آتا ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی جیت کو سازش قرار دینے پر ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ تین سال سے ملک بھر میں جاری ترقی و خوشحالی کے سفر کو کوئی "ساون کا اندھا" ہی سازش کہہ سکتا ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جس جماعت کے سارے قائدین اپنے دورِ حکومت میں کی گئی بے مثال کرپشن پر کیسز بھگت رہے ہوں۔ انہیں چاہیئے کہ اب وہ اپنے حصے کی رسوائی اور جگ ہنسائی کو بھی خاموشی سے برداشت کریں۔ انہوں نے رانا ثناء اللہ کے بیانات کے جواب میں کہا کہ تمام ن لیگی قائدین اپنی اپنی پیشیوں کے موقع پر چند سو افراد اکٹھے کر کے یہ سمجھتے ہیں کہ عوام کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ حالانکہ انہیں جان لینا چاہیئے عوام ان کا تماشہ دیکھنے آئی ہے۔