صنعتوں میںٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کروانا بڑا فیصلہ ہے،میاں زاہد

Sep 12, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م  کے صدر  میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے اہم صنعتوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (ٹی ٹی ایس) لگانے کا فیصلہ نہایت اہم ہے، ایف بی آر کے خیال میں اس سے ٹیکس چوری کم اور محاصل میں اضافہ ہو گا تاہم صنعتکاراور درآمدکنندگان اس نظام کو کرپشن فری بنانے کے مطالبے سمیت بعض تبدیلیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس نظام کی کامیابی کے لئے صنعتکاروں کے جائز تحفظات کا جائزہ لے کر انھیں دور کیا جائے۔ میاں زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ چئیرمین ایف بی آر نے تمباکو مصنوعات، بیوریجز ، چینی، فرٹیلائیزر، سیمنٹ تیار کرنے والے کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کامیابی کے بعد اسے دیگر کئی صنعتوں تک توسیع دی جائے گی، اگلے مہینے سے صوبوں اور آزاد کشمیر میں تمباکو کی صنعت میں یہ سسٹم رائج کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ محاصل کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔ 2021 میں سگریٹ بنانے والے کارخانوں سے130 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا گیا تھا مگر اس سسٹم کے بعد اس میں خاطر خواہ اضافہ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اس سسٹم کی مخالفت کرنے والوں میں شوگر انڈسٹری شامل ہے جس کا کہنا ہے کہ چینی کی بوریاں پولی پروپلین سے بنتی ہیں اور ان پر ٹی ٹی ایس کے اسٹیکر نہیں لگائے جا سکتے اس لئے ان پر کیو آر کوڈ چھاپے جائیں ۔ 

مزیدخبریں