ابتدائی طبی امداد  سیکھ کرکئی قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں،ابرار الحق

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)ابتدائی طبی امداد کا عالمی دِن 11 ستمبر کو منایا گیا، ہلالِ احمر پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود 194 ریڈکراس/ ریڈکریسنٹ سوسائٹیاں، انٹرنیشنل کمیٹی اور انٹرنیشنل فیڈریشن ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ) کی تربیت اِس سے متعلق علم کے حصول اورعوام الناس میں آگاہی پھیلانے سے متعلق تقریبات کا انعقاد کیا۔ ہر سال ستمبر کے دوسرے ہفتہ کوطبی امداد کے عالمی دِن کے طور پر منایا جاتا ہے، اِس دِن کو منانے کا مقصد قومی سطح پر ابتدائی طبی امداد کے طریقوں کو سیکھانے، ایمرجنسی کی صورتحال میں ابتدائی طبی امداد دینے اور قیمتی جانوں کو بچانے کی اہمیت کو اجاگر کیا جانا ہے۔ آج کے دِن کے حوالے سے چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق کا کہنا تھا کہ ابتدائی طبی امداد سے قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ فرسٹ ایڈ سیکھنے کیلئے ہر فرد کو آگے آنا چاہیے۔ ہلالِ احمر نے ابتدائی طبی امداد کی مہارتیں سکھانے کا مربوط پروگرام ملک بھر میں شروع کر رکھا ہے، ابرار الحق نے کہا کہ موجودہ کورونا وبا نے پوری دنیا کی ہیبت کو بدل کر رکھ دیا ہے، رویے اور ذمہ داریوں میں بھی واضح تبدیلی آچکی ہے۔ ہمیں کورونا کے باعث تبدیل ہوتی دنیا کو قبول کرنے کی ضرورت ہے۔ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈر موجود ہو، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پہلے کے چند لمحات انتہائی قیمتی ہوتے ہیں اگر بروقت طبی امداد دے دی جائے تو کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن