پاکستان کے 40ویں گنجان آباد ترین شہر ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکان کی چھت گر گئی ۔جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ایبٹ آباد کے گاؤں پائیجو میں پیش آیا جہاں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ مکان کی چھت گر جانے کے نتیجے میں ملبے میں دب کر 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ امدادی کام شروع کردیا گیا جس کے دوران ملبے میں دبے ہوئے 2 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔مکان کی چھت گر جانے سے ملبے تلے دبے ہوئے دیگر افراد کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ اِس ےس قبل گلگت بلتستان میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم رائے کوٹ سے گورنر فارم تک بند کردی گئی جبکہ سیاحوں کو چلاس سے آگے سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔گلگت بلتستان میں رواں مون سون سیزن کے دوران شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث جولائی کے آخر میں شاہراہِ قراقرم کے مخصوص حصے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
قبل ازیں گلگت اسکردو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث مسافر بس کھائی میں جا گری۔ جس کے نتیجے میں 13 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
گزشتہ برس اکتوبر کے دوران راولپنڈی سے اسکردو جانے والی بس کے ساتھ یہ افسوسناک حادثہ تونگوس کے مقام پر پیش آیا۔ بس میں مجموعی طور پر 18 مسافر سوار تھے۔