لاہور(کلچرل رپورٹر)گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ وہاڑی شعبہ اردو کی امتیازی پوزیشن حاصل کرنےوالی ہونہار طالبہ اور ادیبہ صائمہ شہباز کی معروف انشائیہ نگار اظہر سلیم مجوکہ کے انشائیوں کے حوالے سے لکھی گئی پہلی کتاب اظہر سلیم مجوکہ کی انشائیہ نگاری کے عنوان سے شائع ہوگئی ۔اظہر سلیم مجوکہ معروف ادیب اور روزنامہ نوائے وقت کے سینئر کالم نگار ہیں جن کی متعدد کتب شائع ہو کر علمی وادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل کر چکی ہیں ۔صائمہ شہباز نے اظہر سلیم مجوکہ کے انشائیوں کے مجموعہ شامت اعمال کے حوالے سے ان کے انشائیوں کا نہ صرف تجزیاتی اور تقابلی جائزہ پیش کیا ہے بلکہ صنف انشائیہ کے ماضی حال اور مستقبل کا بھی ایک مربوط اور واضح منظر نامہ پیش کیا ۔شامت اعمال پر دنیائے ادب کے نامور مزاح نگار ادیب مشتاق احمد یوسفی نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے ان کی کتاب شامت اعمال کو ادبی دنیامیں ایک خوشگوار اضافہ قرار دیا ہے ۔کتاب کا دیباچہ ڈاکٹر اکرم عتیق نے تحریر کیا ۔منفرد موضوع اور حسن تحریر سے یہ کتاب قابل تحسین اور اردو ادب کے طلباو طالبات کیلئے باعث تقلید ہے ۔خوبصورت سرورق اور دیدہ زیب حسن طباعت کےساتھ ادب اور کتاب دوست ناشر مظہر سلیم مجوکہ نے کتاب ورثہ سے یہ کتاب شائع کی ہے۔