امیر جماعت اسلامی سراج الحق جلد راولپنڈی کا دورہ کرینگے،عارف شیرازی

Sep 12, 2022


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق جلد ہی راولپنڈی کا دورہ کریں گے.جس میں وہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے ڈونرز، مخیر حضرات،تاجروں،وکلاء سکولوں،کالجوں کے نمائندوں اور دیگر افراد سے ملاقات کرکے ان کا شکریہ ادا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ میں زونل امراءکے ماہانہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس اجلاس میں زونل امراءاور الخدمت فاونڈیشن کے زونل صدور نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری عثمان آکاش،نائب امیر سید عزیر حامد،صدر الخدمت فاونڈیشن ضلع راولپنڈی چوہدری منیر احمد،ضلعی جنرل سیکرٹری جاوید اختر،صدر جے آئی یوتھ ملک عمران اور دیگر عہدیداران نے بھی اظہار خیال کیا۔
 سید عارف شیرازی نے کہا کہ سیلاب اور دیگر فدرتی آفات اللہ رب العالمین کی طرف سے تنبیہ بھی ہوتی ہیں۔ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ سے توبہ استغفار کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیلاب نے پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ گلگت بلتستان کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور بھی بڑی تعداد میں سیلاب کی نذر ہوئے ہیں۔بستوں کی بستیاں تباہی و بربادی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ مشکل کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں نے آگے بڑھ کر مصیبت میں مبتلا مرد و خواتین اور بچوں کو ریسکیو کیا۔ان کو کیمپوں اور دیگر محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ان کے لئے خوراک اور دیگر ضروریات کا بندوبست کیا۔
پنجاب آرٹس کونسل میں” دائرہ“ کے تعاون سے "قائداعظم کانفرنس"کا انعقاد 
راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) پنجاب آرٹس کونسل میں دائرہ ادبی تنظیم کے تعاون سے قائداعظم محمد جناح کے یوم دفات پر "قائداعظم کانفرنس"کا انقعاد کیا گیا۔کانفرنس کی صدارت چئیرمین دائرہ ڈاکٹر غضنفر مہدی اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد نے مشترکا طورپر کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر غضنفر مہدی کا کہنا تھا کہ اگر قائداعظم کی تعلیمات پر عمل کیا جاتا توپاکستان دولخت نہ ہوتا۔بانی پاکستان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کردور حاضر کے مسائل اور مشکلات پر قابوپایا جا سکتا ہے۔ہمارے زوال کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قائداعظم کے فرمودات فراموش کر دیا ۔ دورحاضر میں پاکستان کو غیریقینی کا سامنا ہے۔جس کے حل کے لیے ہمیں قائداعظم کے ارشادات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے لیے دو قومی نظریے کی بنیاد پر جدوجہد کی، بابائے قوم کی قیادت میں پاکستان خود مختار ریاست بن کر ابھرا جس پر قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
بابائے قوم کا یوم وفات ہمیں ایک ایسے عظیم ترین قائد کی یاد دلاتا ہے جس نے برصغیر کے خوف زدہ اور مایوس مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا تھا۔

مزیدخبریں