ہر پاکستانی کو متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے میدان میں اترنا ہو گا: فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء  اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک اس وقت کسی خلفشار اور انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ ملک میں سیلاب کی وجہ سے صورتحال انتہائی خطر ناک ہو چکی ہے۔ اس لئے ہر پاکستانی کو اس وقت سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے میدان عمل میں اترنا ہو گا، جے یو آئی کے کارکنوں نے جس طرح اس مشکل وقت میں متاثرین کی مدد کی اس کی مثال نہیں ملتی، وہ گزشتہ روز مولانا محمود میاں، حافظ بلال درانی  کی اقامت گاہوں پر جماعتی عہدے داروں اور ذمہ داران اور علماء  سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر مولانا محمد امجد خان، مولانا زاہد الراشدی، حاجی منظور آفریدی، مولانا ڈاکٹر سلیم ملک، بلال احمد میر، حافظ عبدالوہاب مدنی، قاری امجد سعید رحیمی، مولانا سلیم اللہ قادری، حافظ بلال احمد درانی، حافظ غضنفر عزیز، پروفیسر ابوبکر چوھدری، صاحبزادہ فہیم الدین، حا فظ نصیر احمد احرار، مولانا سیف الجلال، زاھد میر، حافظ عکاشہ، حافظ عبدالصمد، حافظ شفیق الرحمن اور دیگر علماء  موجود  تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ دشمن پاکستان کے معاشی اور بحرانی حالات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ان کا ٹارگٹ ہے، لیکن ایسی تمام سازشوں کے آگے جمعیت کے کارکن کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب اور دیگر آفات اسلامی تعلیمات سے روگردانی کا نتیجہ ہے، قوم رجوع الی اللہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ عوام پریشانی میں چاروں طرف سے گھر گئے ہیں۔ اس مشکل وقت میں جے یوآئی اپنے غم زدہ بھائیوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔مولانا فضل الرحمن کو اتفاق ہسپتال سے ڈسچارج کردیاگیا ہے۔ معالجین نے ان کی بلند فشار خون کی ادویات میں تبدیلی کی ہے اورنئی ادویات تجویز کی ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں زیادہ سے زیادہ آرام کا بھی مشورہ دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن