اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی پاکستانی عوام کے سیلاب متاثرین کی مدد کے جذبے سے متاثر ہو گئے۔ پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جہاں کی عوام فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے ہیں، چاہے وہ زلزلے کی تباہی ہو یا سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد، پاکستانی عوام ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ حال ہی میں پاکستان میں ہونے والی تباہ کن بارشوں اور سیلابی صورت حال کے پیش نظر بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بعد بھی پاکستان میں حکومت اور فلاحی اداروں کے علاوہ عوام بھی سیلاب متاثرین کی مدد میں پیش پیش نظر آئے جس کا اعتراف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی سوشل میڈیا پر کیا۔ سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انتونیو گوتریس نے لکھا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے پاس گیا، ان کے پاس جو کچھ ہے وہ دوسروں کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔ انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ یہ پاکستانی عوام کی موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کے باوجود دوسروں کے ساتھ یکجہتی کی ایک اعلیٰ مثال ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کا دورہ مکمل کرکے واپس چلے گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی روانگی سے قبل ٹرمینل پر ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یو این کے سیکرٹری جنرل کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور متاثرین سے ملاقات کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ مراد علی شاہ نے انتونیو گوتریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عالمی برادری کو پاکستان کے سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کیلئے اپیل قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر مراد علی شاہ نے یو این سیکرٹری جنرل کو سندھ کے روایت تحائف اجرک اور سندھی ٹوپی دیکر ٹرمینل ون سے رخصت کیا۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ یو این سیکرٹری جنرل نے دورہ پاکستان کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے جتنی تباہی پاکستان میں ہوئی ہے اس پیمانے پر انہوں نے تباہی کبھی نہیں دیکھی۔ انتونیو گوتریس نے لکھا زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ وہ ممالک نقصانات اٹھا رہے ہیں جو ارضی درجہ حرارت میں اضافے سے نہیں نمٹ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عالمی بحران ہے اور پاکستان میں ہونے والی تباہی عالمی ردعمل چاہتی ہے۔ ایک اور ٹویٹ میں انتونیو گوتریس نے لکھا کہ پاکستان میں متاثرہ لوگوں کے انسانی مصائب سے ہٹ کر میں نے بہادری کی اعلیٰ مثالوں کو بھی دیکھا۔ میں سول سوسائٹی‘ انسانی بنیادوں پر کام کرنے والی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہنگامی طورپر وہاں پہنچ کر ان تھک محنت کے ساتھ کام کیا۔ یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سیلاب متاثرین کی مدد، بہادر پاکستانی عوام پیش پیش نظر آئے : گوتریس بھی معترف
Sep 12, 2022