متاثرین سیلاب کو کیمپوں میں کھانا اوردیگر سامان کی فراہمی 


کوئٹہ ( آن لائن ) پی ڈی ایم اے، پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے تعاون سے کوئٹہ، چمن ، موسی خیل ،ڑوب ،نوشکی ، سبی، بولان ، خضدار، نصیر آباد ، جعفر آبادجھل مگسی، آواران، لسبیلہ، ڈیرہ بگٹی ، صحبت پور و دیگر علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سبی ،جھل مگسی ، ڈیرہ بگٹی کے ریلیف کیمپوں میں 450افراد کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا اس کے علاوہ مسلح افواج اور سول انتظامیہ کی جانب سے سوراب ، جھل مگسی ، بولان، چمن ، نوشکی ،اوتھل ، موسی خیل ، سبی ، ڈیرہ بگٹی ، صحبت پور میں 2،284 راشن کے پیکٹس سیلاب متاثرین کو فراہم کیے گئے جن میں آٹا، دالیں، چاول، چینی، کوکنگ آئل ، پانی ، دودھ اورجوس کے کارٹن وغیرہ شامل تھے ۔ اس کے علاوہ گرم ملبوسات ، مچھر دانی ،جوتے ،واٹر کولر،ٹینٹ اورلحاف وغیرہ بھی مستحق لوگوں میں تقسیم کیے گئے ۔جھل مگسی اورصحبت پور میں سیلاب کے پانی کو ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے نشیبی علاقوں سے نکالا جارہا ہیں۔سیلاب زدگان کے لیے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے 17فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جہاں 1،988مریضوں کو مفت طبی امداد اور ادویات فراہم کی گئی ہیں۔پاک فوج ،سول انتظامیہ، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں پر مشتمل 9 ٹیمیں لسبیلہ میں ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔ٹیمیں 50 فیصد سے زائد نقصانات کا تخمینہ لگا چکی ہیں۔ذرائع آمدورفت کی جلد بحالی کے لیے سول انتظامیہ اور پاک فوج کی جانب سے شاہراہوں اور پلوں کی مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن