فلڈ ریلیف ،بنک آف پنجاب کا متاثرین کے قرضہ جات،اصل رقم،مارک اپ موخر 

Sep 12, 2022

لاہور(کامرس رپورٹر)دی بنک آف پنجاب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے مالی امداد اوررضاکار پروگرام کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں زرعی قرضہ جات کی اصل رقم اور مارک اپ وصولی موخر کر دی ۔دی بنک آف پنجاب اپنے فلاحی اقدامات کے باعث کارپوریٹ سماجی ذمہ داری نبھانے کے معاملے میں مارکیٹ لیڈر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ معروف بین الاقوامی تنظیم ’’ ایشیاء منیـ‘‘نے بی او پی کی فلاحی خدمات کے صلے میں سال 2022 میں بی او پی کو پاکستان کے بہترین سی ایس آر بنک کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔ حالیہ تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں سیلاب نے ملک میں وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ دی بنک آف پنجاب اپنی روایت کے مطابق ایک مرتبہ پھر متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں میںمثالی کردار ادا کر رہاہے۔ بنک نے حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف فنڈ 2022 میں 1 کروڑ روپے عطیہ کیا ہے۔سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے عطیات جمع کرنے کیلئے دی بنک آف پنجاب کے وسیع نیٹ ورک کے تمام چینلز دستیاب ہیں جس میں تمام برانچوں کے کائونٹر زکے علاوہ اے ڈی سی چینلز جیسا کہ اے ٹی ایم ، موبائل ایپ اور انٹرنیٹ بینکنگ کی سہولت، مقامی و بین الاقومی کریڈٹ کارڈ اور بیرون ملک سے رقوم بذریعہ بینکنگ چینلز ، ایکسچینج کمپنیوں اور روشن سماجی خدمت (آرڈی اے) کے ذریعے جمع کر وائی جا سکتی ہیں۔ اسی فلاحی سوچ کا عملی مظاہر ہ ’’بی او پی مددگار‘‘پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے بی اوپی کے ملازمین معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے کی جانے والی کوششوں میں عملی اور رضاکارانہ طور شریک ہوں گے۔ ’’ بی او پی مددگار ‘‘ پروگرام کے تحت رضاکارنہ طور پر کام کرنے والے ملازمین کوامدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے بنک تنخواہ کے ساتھ چھٹی اور امدادی سرگرمیوں کیلئے ضروری وسائل فراہم کرے گا۔

مزیدخبریں