کراچی‘سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد گرفتار


کراچی(این این آئی)وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ سی ٹی ڈی نے میٹروویل میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کا مبینہ مطلوب دہشتگرد گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق میٹرویل میںکارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد محمد شاہ عرف ڈنگ عرف طلحہ کو گرفتار کرلیاہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد کراچی میں اپنا نیٹ ورک بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا، دہشت گرد کو خٹک چوک میٹرویل کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔دہشت گرد کے قبضے سے ایک پستول اور میگزین برآمد ہوئی، گرفتار دہشت گرد سی ٹی ڈی پشاور کو سنگین مقدمات میں مطلوب ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار مبینہ دہشتگرد سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے جس کا تعلق طارق گیدڑ گروپ سے ہے۔مبینہ دہشتگرد نے ساتھیوں سے مل کر ازاخیل میں ایف سی کیمپ پر حملہ کیا تھا اور پشاور کے علاقے متنی میں 2 پولیس اہلکاروں کو شہید بھی کیا تھا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار مبینہ دہشتگرد بھتہ خوری میں بھی ملوث تھا اور شہر میں دوبارہ نیٹ ورک بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔

ای پیپر دی نیشن