فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد خاں نے وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف سے اپیل کی ہے کہ مہنگی ترین بجلی کے کم سے کم ریٹ کا قوم سے کیا گیا وعدہ فوری طور پر پورا کیا جائے تاکہ ملکی معیشت بہتری کی جانب چل سکے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاور لوم مالکان سمیت دیگر اداروں کی طرف سے 12ستمبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ لوم مالکان نے 55روپے فی یونٹ بجلی بلز وصول کرنے سے نہ صرف انکار کیا ہے بلکہ اپنے احتجاج کو ملک بھر میں پھیلانے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ بجلی کے ریٹ میں فوری کمی کا اعلان کریں تاکہ پاور لومز مالکان، پردہ کلاتھ ایسوسی ایشن اور کون دائنگ ایسوسی ایشن سمیت دیگر صنعتی اداروں کے مالکان مطمئن ہو سکیں اور ان کا روزگار چلتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تباہی سے بچانے کا واحد حل کالاباغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر ہے۔ ان ڈیموں کے ساتھ ساتھ بارانی علاقوں میں چھوتے ڈیم بنائے جاتے تو ملک میں قوم کو اتنی بڑی تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔