ٹرین آپریشن بحال ہونے میں مزید 12سے15روز لگیں گے،ریلوے حکا م 


 اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )پاکستان  ریلوے حکا م نے کہا ہے کہ ٹریک اور پلوں پر سیلابی پانی ہونے کی وجہ سے سو فیصد مسافر و فریٹ ٹرین آپریشن بحال ہونے میں مزید 12سے15روز لگیں گے۔ ریلوے انتظامیہ نے11 ستمبر تک مسافروں کو تمام ٹرینوں کا ری فنڈ دیدیا ہے البتہ(آج)12 ستمبر سے صرف روہڑی اسٹیشن تک رحمان بابا ٹرین کو پشاور سے براستہ فیصل آباد چلایا جائے گا،اپ اور ڈاون کی 30 سے زائد ٹرینیں بند ہیں۔ ریلوے حکام کو سیلابی پانی کی وجہ سے ٹرین آپریشن شروع کرنے میں ٹیکینکل مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اگر ٹرین آپریشن شروع کیا جاتا ہے تو ریلوے انفراسٹرکچر کو مزید ٹیکینکل نقصان پہنچنے کے خدشہ ہے۔چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ آفیسر ریلوے وقار شاہد کا کہنا ہے کہ ٹریک پر سیلابی پانی کی صورتحال کا چوبیس گھنٹے جائزہ لیا جارہا ہے، ریلوے ٹریک اور پلوں پر سیلابی پانی کی وجہ سے ٹرین آپریشن کسی صورت شروع نہیں کیا جاسکتا ،  جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی  ٹرین آپریشن شروع کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپ اور ڈائون کی 30 سے زائد ٹرینیں مکمل طور پر بند ہیں جس کی وجہ سے ریلوے خسارہ بھی بڑھتا جارہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن