اسلام آباد(این این آئی)کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کا ایک گیارہ رکنی وفد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 51ویں اجلاس میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ ہوگیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی کی قیادت میں وفد میں سردار امجد یوسف خان، سید فیض نقشبندی ،ایڈووکیٹ پرویز شاہ، شمیم شال، حسن البنائ، پروفیسر شگفتہ اشرف، ڈاکٹر ولید رسول، ڈاکٹر سائرہ شاہ، ڈاکٹر وقاص علی کوثر اور بیرسٹر ندا سلام سمیت سیاسی رہنما، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کے ارکان اور انسانی حقوق کے کارکنان شامل ہیں۔ کشمیری وفد جنیوا میں اپنے ایک ہفتہ طویل قیام کے دوران یو این ایچ آر سی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین، خصوصی نمائندوں، سفارت کاروں اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموںکے نمائندوں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کرے گا۔ دورے کا بنیادی مقصد غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بالخصوص ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات، املاک کی بڑے پیمانے پر تباہی،اظہار رائے پر پابندی، تعلیم اور مذہبی حقوق پر حملوں اور کشمیری نظربندوں کی حالت زار کو اجاگر کرنا ہے۔ وفد عالمی برادری کو بھارتی حکومت کے ان مذموم منصوبوں اورکشمیردشمن پالیسیوںسے بھی آگاہ کرے گا جن کا مقصد خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ، فیصلہ سازی اورقانون ساز ی کے عمل میںاکثریتی برادری کے کردار اورسیاسی نمائندگی کو کم کرنا اورغیر کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینا شامل ہے۔
کشمیری وفد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے جنیوا روانہ
Sep 12, 2022