مل کر سیاسی مسائل حل کئے جائیں‘ دسمبر کے بعد سیاست کا سوچوں گا: چودھری سرور

Sep 12, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مل بیٹھ کر سیاسی مسائل حل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ایک بار پھر سیاسی میدان میں متحرک ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ سیاسی تناؤ اور تقسیم سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔ گفت و شنید سے مسائل کا حل کیا جانا چاہے۔ اسلام آباد میں سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا فی الحال سیلاب کی صورتحال ہے، دسمبر کے بعد سیاست کے بارے میں سوچوں گا۔ ابھی ساری توجہ سیلاب زدہ بھائیوں کی مدد پر ہے۔ سابق گورنر کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کو ختم ہونا چاہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام جس کو چاہیں ووٹ دیں اور اسی کی حکومت بنے، فوری الیکشن پر کچھ نہیں کہہ سکتا، آخر الیکشن ہونے ہیں جو ہونے چاہئیں۔ امدادی سامان سے متعلق چوہدری سرور نے کہا کہ سیاستدان اور حکومتوں سے اپیل ہے کہ ایسے موقعے پر سیاست نہ کریں۔ غریب اور مستحق افراد کی مدد کریں، اس پیسے کا مکمل احتساب ہونا چاہے تاکہ پیسہ غریب آدمی تک پہنچے۔ 

مزیدخبریں